|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2020

شمالی میکسیکو میں تین نرسیں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں اور تینوں ہی کی گردنوں پر گلا گھونٹے جانے کے نشانات موجود تھے۔

تینوں نرسیں آپس میں بہنیں تھیں۔

تہرے قتل کی یہ مبینہ واردات کورونا وائرس کی وبا کے دوران طبی کارکنوں پر حملوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ وہ جرم کی تفتیش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک اس پیچھے کارفرما عوامل واضح نہیں ہیں۔

حالیہ چند ہفتوں میں میکسیکو میں طبی شعبے سے منسلک افراد کو وائرس سے خوف زدہ عوام کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ریاستی اٹارنی جنرل گیرارڈو مارکیز نے کہا کہ دو سے تین مجرمان اس میں ملوث ہو سکتے ہیں لیکن ابھی تک کوئی گرفتاریاں نہیں ہوئی ہیں۔ یہ بھی ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ان کی ہلاکت کب ہوئی۔

میکسیکو کی وزارتِ صحت کا اندازہ ہے کہ جنوبی امریکہ کی دوسری بڑی معیشت میں وائرس اس ہفتے اپنے عروج پر پہنچ جائے گا۔

میکسیکو میں اب تک 31 ہزار 522 افراد اس مرض سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 3160 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرین اور ہلاک شدگان کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔