|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2020

امریکہ نے چین اور روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے متعلق جعلی معلومات پھیلانے کے لیے پروپیگنڈا مہمات چلا رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ایک اہلکار نے کہا کہ چین اور روس سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس امریکہ مخالف پیغامات پھیلا رہے ہیں۔

لیا گیبریئل نے کہا کہ ‘کووِڈ-19 کے بحران سے پہلے بھی ہم نے روس اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان پروپیگنڈا کے میدان میں کچھ حد تک تعاون دیکھا تھا۔’

انھوں نے کہا کہ چین اور روس ‘اپنے مقاصد کے تحت کووِڈ-19 کے بارے میں عوامی فہم تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔’

امریکہ چین کے ساتھ وائرس کی ابتدا اور اس پر چین کے ردِ عمل کے بارے میں الفاظ اور خبروں کی جنگ میں الجھا ہوا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان ژاؤ لیجیان نے حال ہی میں بغیر ثبوت بار بار اس خیال کو فروغ دیا ہے کہ کووِڈ-19 امریکہ سے شروع ہوا تھا۔

اس کے مقابلے میں امریکہ نے بار بار یہ عندیہ دیا ہے کہ کورونا وائرس ووہان کی ایک لیبارٹری سے لیک ہوا، لیکن امریکہ نے بھی اپنے اس دعوے کے بارے میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔

گذشتہ دنوں امریکی انٹیلیجنس برادری نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ سائنسدانوں کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کورونا وائرس انسان کا بنایا ہوا نہیں ہے۔