|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2020

میکسیکو میں ایک جرائم پیشہ گینگ کے سربراہ موئسس اسکامیلا مئے دورانِ قید کورونا کا شکار ہونے کے بعد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسکامیلا کی عمر 45 برس تھی اور وہ لوگوں کو خوفزدہ کر دینے والے ایک گروہ لوس زیتاس کے سربراہ تھے۔

انھیں 12 افراد کے سر قلم کرنے اور دیگر منظم جرائم میں ملوث ہونے کی پاداش میں 37 برس قید کی سزا دی گئی تھی۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک کورونا کے باعث میکسیکو میں کل 3450 اموات ہو چکی ہیں۔

اسکامیلا میکسیکو کے علاقے کانکن میں سینٹرل امریکہ سے بحری راستے کے ذریعے کوکین کی سپلائی کرتے تھے، انھوں نے مقامی پولیس کے اہلکاروں سمیت مخبروں کا ایک نیٹ ورک بنا رکھا تھا۔

چھ مئی کو ان کی سانس کی نالی میں تکلیف ہوئی اور اس کے دو دن بعد ان کی موت واقع ہو گئی تاہم حکام نے اتوار کو ان کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔