پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے پیش نظر جم اور ہیلتھ کلبز، حجام کی دکانوں اور سیلونز کے لیے معیاری طریقہ کار (ایس او پی) جاری کر دیے ہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جگہوں پر صابن سے ہاتھ دھونے یا سینیٹائز کرنے کی سہولت مہیا کرنا لازم ہے۔
جم کے عملے اور ارکان، اور سیلون اور حجام کی دکانوں میں عملے اور گاہکوں دونوں کے لیے سرجیکل ماسک پہننا اور مناسب فاصلہ برقرار رکھنا لازم ہے۔
حجام کی دکانوں اور سیلونز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو انتظار گاہ میں بٹھانے اور جگہ کو پرہجوم بنانے کے بجائے ایک وقت میں ہی گاہک کو خدمات فراہم کریں جبکہ ہیلتھ کلبز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ صرف 50 فیصد گنجائش پر اپنا کام جاری رکھیں۔
مذکورہ تمام مقامات کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سماجی دوری یقینی بناتے ہوئے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔
جم کے ارکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے دو میٹر کا فاصلہ رکھیں، چاہے اس کے لیے درمیان میں ایک ایک مشین خالی کیوں نہ چھوڑنی پڑے۔
اس کے علاوہ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ایک رکن کے استعمال کے بعد ورزش کی مشین دوسرا ممبر پانچ منٹ کے وقفے سے استعمال کرے گا۔
اسی طرح حجام کی دکانوں اور سیلونز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے آلات اور کرسیوں کو الکوحل کے محلول سے صاف کریں تاکہ انھیں جراثیم سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔