|

وقتِ اشاعت :   May 13 – 2020

ڈھاڈر: ڈھاڈر اولڈ فیڈر پر سحر افطار میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری،بارہا اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا کوئی شنوائی نہیں ہورہی وزیر اعظم پاکستان کے سحر افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا شہری رمضان المبارک کی مقدس مہینے میں گرمی اور روزہ سے بے حال شہریوں کیجانب سے احتجاج کی دھمکی۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ بھی ختم ہونے والا ہے لیکن ڈھاڈر اولڈفیڈر کے عوام پر شدید گرمی میں بجلی کی فراہمی کے راستے بند کیئے جارہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں اولڈ فیڈر پرسحر افطار میں وزیر اعظم پاکستان کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا گیا ہے اور لوڈشیڈنگ جاری ہونے سے روزہ دار شدید گرمی میں بے حال ہوجاتے ہیں۔

گرمی کے ستائے شہریوں نے مجبورا روزہ کی حالت میں احتجاج کی دھمکی دی ہے انہوں نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھاڈر اولڈ فیڈرپر واپڈا کے ستائے عوام شدید گرمی میں روزہ کی حالت میں کرب کی حالت میں ہیں لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیراعلانیہ اور کم وولٹیج کی جھنجھٹ الگ سے وبال جان بنا ہوا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اوقات کار کو تبدیل اور دورانیہ کو فی الفور کم کیا جائے بصورت دیگرشہری بحالت مجبوری احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے جسکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔