کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنماء سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ عوام کی فلاح وبہبود اور عوامی مسائل کے حل کے لئے روزِ اوّل سے ہی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بنیادی مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے اور مستقبل قریب میں مفادِ عامہ کے اسکیمات کو ترجیحات میں شامل کرکے ان کے حل کے لئے اقدامات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بی اے پی کے رہنماء آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ خضدار رقبے کے حوالے سے وسیع و عریض علاقوں اورتحصیلوں پر مشتمل ہے تاہم دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے ان کے حل کے لئے کوششیں کریں گے۔
دور دراز علاقوں تک سڑکوں کی تعمیر،پینے کے صاف پانی کی سہولیات، تعلیمی اداروں کا قیام صحت کی سہولیات کی فراہمی یہ و ہ بنیادی ضروریات ہیں کہ جن پر بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے وسائل محدود تاہم مسائل کافی زیادہ ہیں۔ تاہم اس کے باوجود انہیں حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خضدار کی اہمیت میں اس لیئے زیادہ اضافہ ہوا ہے کہ یہ سی یپک کے لئے گزرگاہ کے طور پر استعمال ہورہاہے جب کہ کاروباری اور تجارتی حوالے سے بھی یہ ڈسٹرکٹ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
اس لیئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت ضلع خضدار کے لیئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے تاکہ مسائل میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنی حدتک بہتر منصوبہ بندی کررہی ہے اور جن شعبوں کو ترقی دینے کی ضرورت ہے وہاں پیسے بھی لگارہی ہے عوام کے مسائل میں کمی لانے کے لئے حکمت عملی مرتب اور ترجیحات کو مقدم رکھ کر آگے بڑھ رہی ہے۔