|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2020

دنیا کے تمام مشاغل اور کاموں میں اگر کوئی بہترین اور حساس کام ہے تو وہ بچوں کی تربیت ہے۔تمام والدین کی یہ بھرپور خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بچہ ایک بہترین انسان بنے جس کی دنیا بھی اچھی ہو اور آخرت بھی۔اس مقصد کے لیے وہ ہرممکن کوشش کرتے ہیں اور اسی فکر میں سرگرداں نظر آتے ہیں۔گزشتہ آرٹیکل میں ہم نے والدین کی کچھ عمومی غلط فہمیوں کی نشاندہی اور ان کے حل کے بتائے تھے۔آج کی اس نشست میں ہم ”عادات“ کے بارے میں اہم عوامل سپردِ قلم کریں گے۔

عادات کیا ہوتی ہیں؟

انسان کا ذہن دو چیزوں کی بنیاد پر کام کرتاہے، ایک کو شعور اور دوسرے کو تحت شعور کہتے ہیں۔شعور وہ ہے جس کے ذریعے انسان اندازہ،احتیاط اور حساب کتاب کا کام کرتا ہے جبکہ تحت شعور میں انسان کی عادات،نظریات، طرزِ زندگی، یقین اور بنیادی حافظے کی چیزوں کے ساتھ ساتھ 80فی صد عادات بھی پڑی ہوتی ہیں۔انسان دن بھر میں جتنی عادات بھی سرانجام دیتا ہے، وہ تحت شعور کی بدولت ہی دیتا ہے جبکہ باقی 20فی صدعادات اسے شعور کی مدد سے بنانی پڑتی ہیں۔اگر یہ 20فی صد کا مارجن نہ ہو تو پھر انسان پولیس یا فوج میں بھرتی نہیں ہوسکتا اور ٹریننگ و تربیت کانتیجہ ہی ختم ہوجائے گا،کیونکہ ٹریننگ کے دوران کوئی بھی انسٹرکٹر اسی 20فی صد کے مارجن میں چیزوں کو رکھتا ہے اور اس کی عادات بناتا ہے۔

اس ساری تمہید کا مقصد یہ ہے کہ جو انسان جبلتاً خراب ہے تو پھر اس کو درست کرنا مشکل ہے۔اس کو صرف ایک ہی ذریعے سے ٹھیک کیا جاسکتا ہے اور وہ ہے انسپائریشن اور مضبوط قوتِ ارادی۔خوش قسمتی سے اگراس کی زندگی میں کوئی انسان ایسا آجائے جس سے وہ انسپائر ہوجائے یا اس کی اپنی power Willاتنی زبردست ہو کہ وہ اپنی عادات کے خلاف کھڑا ہوجائے تو ٹھیک ورنہ۔۔اس کی عادت بدلنا بڑا مشکل ہے۔

والدین اپنی تربیت میں دراصل اپنے بچوں کو عادت دے رہے ہوتے ہیں۔آپ نے جتنی اچھی عادات اپنے بچوں کو دی ہوتی ہیں اتنے ہی وہ کامیاب ہوتے ہیں۔بھارت کے سابق صدرعبد الکلام کاکہنا ہے کہ ”آپ اپنے مستقبل کو نہیں بدل سکتے مگر اپنی عادات بدل کر اپنا مستقبل بہتر کرسکتے ہیں۔“اسی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ عادات کی ترقی کا نام تربیت ہے۔
بچوں کو عادت کیسے دی جاتی ہیں؟
والدین مندرجہ ذیل عوامل کی بناء پر اپنے بچوں کو عادات دے سکتے ہیں:

(۱)Pain & pleasureپرنسپل:

انسان کا دل ہمیشہ اس چیز کو پسند کرتا ہے جس میں اس کو مزہ آتا ہے اور اس کو ناپسند کرتا ہے جس میں اس کو تکلیف ملتی ہے۔ انسان کی عادات بھی وہی بنتی ہیں جن میں اس کو سرور مل رہا ہو اور جن کاموں میں تکلیف ہو تو وہ اس کو عادت نہیں بناتا۔
بچوں میں نئی عادات پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان عادات کو دلچسپ بنایا جائے۔

(۲)حوصلہ افزائی:

والدین اپنے بچوں کی جس کام پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں،وہ آہستہ آہستہ ان کی عادت بن جاتی ہے۔آج سے آپ ایک لسٹ بنائیں کہ کن کن چیزوں پر آپ نے شاباشی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔دراصل حوصلہ افزائی اور تنقید دو ایسے اوزار ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے بچوں کی عادات بنارہے ہوتے ہیں۔مثال کے طورپر آپ کے بیٹے نے آپ سے کہا:”بابا آپ نے جوپیسے دئیے تھے،وہ میں نے خرچ کردئیے۔“ آپ نے پوچھا کہ کہاں خرچے؟وہ بتاتا ہے کہ ”بابا! چھوٹی بہن کی سالگرہ تھی میں نے اس کے لیے گفٹ لے لیا۔“ اب یہ وہ مقام ہے جہاں آپ کاکوئی بھی ردِعمل بچے کو اچھایا برا بناسکتا ہے۔

اگرآپ نے کہا:”بہت خوب! بہنوں کے لیے ایسا ہی کرنا چاہیے۔“ تو آئندہ وہ دوسروں کی مدد کرے گا،لیکن اگر آپ نے کہا: ”میں نے تمہیں دئیے تھے،تم نے بہن پر خرچ کردئیے،تمہیں ضرورت ہی کیا تھی؟“تو یہ الفاظ سننے کے ساتھ ہی اس کے ذہن میں یہ بات بھی بیٹھ جائے گی کہ”احساس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔“ یاد رکھیں!برائی کی شاباشی بڑی برائی کو پیدا کرتی ہے اور اچھائی کی شاباشی بڑی اچھائی کو پیدا کرتی ہے۔ بچوں کو ایک ہدف دیں اور ان سے مستقل وہ کام کروائیں،کرتے کرتے وہ ان کے شعورمیں موجو د عادات، نظریات اور ایقان میں تبدیل ہوجائے گا۔ مثلاً آپ نے ان سے کہا:”بیٹا! معاف کرنا چاہیے۔“ وہ شاید کہہ دے کہ یہ مشکل کام ہے مگر آپ نے اس سے کئی بار معاف کرایا اور وہ معاف کرنا اس کی عادت بن گئی تو پھر اس کی زندگی بدل جائے گی،کیونکہ پھر اس کومعاف کرنے پر زور نہیں لگانا پڑے گا،بلکہ لاشعوری طورپر وہ اس کو کرگزرے گا۔


بہترین عادات میں سے ایک عادت Proactivenesبھی ہے یعنی وقت سے پہلے تیار ہونا،اس کے ساتھ ساتھ کچھ چیزوں سے بے فکری بھی دے دیں۔ہم نے بچوں کو سب سے بڑی فکر یہ دی ہے کہ”لوگ کیا کہیں گے؟“حالانکہ یہ سوچ اس معاشرے کے سینکڑوں اور ہزاروں بیماریوں کی جڑ ہے۔ ہر بچے کو اللہ نے کوئی نہ کوئی انرجی دی ہوتی ہے، جس کو ٹیلنٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اس کو دریافت کرنا اور اس کے مطابق اس کو مصروفیت دینا یہ والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔کسی بھی انسان کواگر پیشن کے ساتھ پروفیشن نہ ملے تو وہ ضائع ہوجاتاہے۔بچے کی انرجی معلوم کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اس کو سنا کریں،اس کو سمجھنے کی کوشش کریں اورپھر اس کے بعد ان کو سہولت بھی دیں،یعنی ان کے پیشن کے مطابق ان کو ماحول دیں اور ان کو اپنے ٹیلنٹ کے مطابق رول ماڈلز سے ملوائیں۔

اس کے خوابوں کے شہزادے سے ان کی ملاقات ضرور کروائیں۔جب بچوں کو آپ نے مختلف شخصیات سے ملوایا ہوتا ہے تو ان کے لیے اپنا آپ ڈھونڈنا انتہائی آسان ہوجاتاہے۔بچوں کو اچھا بنانے کے لیے ضروری ہے کہ والدین خوداچھے بنیں۔جدید ریسرچ کے مطابق والدین کی 65فی صدعادات بچوں میں منتقل ہوتی ہیں۔وہ تمام خوبیاں جو آپ اپنے بچوں میں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے اپنے اندر پیدا کریں۔

آپ کا بچہ درست ٹریک پر ہے؟

آپ کابچہ درست ٹریک پر چل رہا ہے یا نہیں،یہ معلوم کرنے کے لیے تین چیزیں دیکھنا ضروری ہیں۔

(۱)ملنسار ی اورسماجی ذہانت:

آپ دیکھیں کہ اس میں ملنساری اور سماجی ذہانت (سوشل جینیس)کتنی ہے؟اس موضوع پر ایک کتاب top the to Get کے نام سے موجود ہے جس میں ان لوگوں کی ترقی کے بارے میں معلومات ہیں جن کے اندر سماجی ذہانت اچھی تھی۔اگرآپ کے بچے میں سوشل جینییس موجود ہے تو آپ مطمئن ہوجائیں۔زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے انسانوں کی ضرورت ہوتی ہے اور جس بچے میں سماجی ذہانت ہوگی تو یقینی طورپر وہ آگے بڑھ سکے گا،کیونکہ اس کے لیے ٹیم بنانا اور لوگوں کو ساتھ ملاکر چلنا آسان ہوتا ہے۔

میں نے اپنی تدریسی زندگی میں تقریباًچھ سات ہزار بچوں کو پڑھا یا ہے،جو بچے لوگوں سے دور رہتے ہیں یا جب مہمان آجائیں تو وہ پڑھنا شروع کردیتے ہیں، ان کوعملی زندگی میں ناکام دیکھا ہے۔سماجی ذہانت اتنی طاقتور چیز ہے کہ وہ آپ کے گرد میلہ لگادیتی ہے۔اشفاق صاحب کا جملہ ہے کہ ”انسان اگر سچا ہو اور وہ جنگل میں بھی بیٹھ جائے تو لوگ پگڈنڈیاں بناکراور چل چل کر اس تک پہنچ جاتے ہیں۔“