|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2020

کوئٹہ: پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری عطاء اللہ کرد اور پی اس پی بلوچستان کے صوبائی صدر شمس مینگل نے کوئٹہ کشمیر آباد قمبرانی سریاب روڈ کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کیا ہے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی و شہری انتظامیہ کی نااہلی کے باعث قمبرانی سریاب روڈ تباہ حالی کا شکار ہے‘ علاقے کا بنیادی ڈھانچہ خراب ہوچکا ہے۔

سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، گٹر ابل رہے ہیں‘ بلوچستان حکومت اور شہری انتظامیہ انتظامات کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر آباد قمبرانی سریاب روڈکی عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم کر دیا گیا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے کہ وہاں نہ کوئی بلدیاتی حکومت ہے نا کوئی صوبائی و قومی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس پی بلوچستان ایک کونسلر بھی نا ہونے کے باوجود اپنے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اس لیے اپنی مدد آپ کے تحت اور علاقے کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر عید الفطر کے بعد کشمیر آباد قمبرانی روڈ سریاب روڈ کی سڑوں اور گلیوں کی مرمت جہاں تک ممکن ہو سکے گا کرے گی جس سے ثابت ہو جائے گا کہ مسئلہ اختیار کا نہیں کردار کا ہے۔