|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2020

نصیرآباد :ڈیرہ مراد جمالی میں آل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نصیرآباد کی جانب سے پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو کی زیر صدارت الہدی پبلک سکول ڈیرہ مراد جمالی میں ایک اجلاس کیا گیا۔

اجلاس میں آل پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نصیرآباد کے صدر زاہد حسین شر سمیت نصیرآباد کے تمام سکولوں کے مالکان اور پرنسپلز صاحبان نے شرکت کی اور متفقہ طور پر فیصلے کیئے گئے۔ اجلاس میں نصیرآباد میں ہونے والے لاک ڈاؤن سے دو مہینے تک سکولوں کے بند ہونے سے نقصانات کو مد نظر رکھتے ہوئے یکم جون سے سرکاری ایس او پیز پہ عملدرآمد کرتے ہوئے تمام پرائیویٹ سکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا گیا۔

جبکہ اجلاس میں کہا گیا کہ بازاروں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو ایس او پیز کے مطابق کھول دیا گیا ہے تو اسی طرح سکولوں کو بھی کھولنے دیا جائے۔کیونکہ دو مہینے سکولوں کے بند ہونے سے لاکھوں طلبہ تعلیم سے محروم ہوچکے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ہزاروں اساتذہ بھی بے روزگار ہوگئے ہیں۔

آل پرائیویٹ ایسوسی ایشن نصیرآباد کے ممبروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کراتے ہوئے پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دے تاکہ بچوں کی تعلیم ضائع نہ ہو اور پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ بھی بے روزگاری سے بچیں۔ اجلاس کے بعد آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نصیرآباد کے اساتذہ اور پرنسپلز نے 15 جولائی تک تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ بھی کیا۔ ریلی میں 15 جولائی تک سکولوں کی بندش کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔