کوئٹہ: حکومت زاکر مجید بلوچ سمیت مبینہ طور پرلاپتہ ہونیوالے تمام بلوچوں کو بازیاب کرائے اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ملکی آئین اور قانون کے تحت سزا دی جائے۔ ان خیالات کااظہار وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے صدرنصراللہ، ماماقدیر بلوچ نے گزشتہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے نکالی گئی ریلی سے کیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونیوالے افراد کے اہلخانہ نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر مظاہرے میں شریک افراد نے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی تصویریں اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور نعرہ بازی کررہے تھے۔ اس موقع نصراللہ بلوچ،ماما قدیر بلوچ اوردیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زاکر مجید بلوچ سمیت مبینہ طور پرلاپتہ ہونیوالے تمام بلوچوں کو بازیاب کرائے۔
اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ملکی آئین اور قانون کے تحت سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر لاپتہ ہونیوالے افراد کے اہلخانہ ذہنی ازیت میں مبتلا اور مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے لاپتہ افراد سے متعلق کمیشن کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنا تھی وہ بھی اب تک پیش نہیں کی ہیوہ رپورٹ قومی اسمبلی میں جمع کی جائے۔