نٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے کورونا وائرس کے سبب کھیل میں نئی تبدیلیوں کی منظوری دیتے ہوئے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے اور کھیل میں کورونا کے متبادل کھلاڑی کی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی نے کرکٹ کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجاویز پر ان تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں غیرنیوٹرل امپائرز کے استعمال کی منظوری بھی دے دی ہے جبکہ کھیل کو جانبداری سے بچانے کے لیے ہر ٹیم کو ایک اضافی ریویو بھی دے دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے منظور کیے گئے نئے قانون کے تحت جب تک کورونا وائرس کی وبا موجود ہے اس وقت تک عبوری طور پر گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی ہو گی۔
چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے منظور کیے گئے قانون کے مطابق ٹیموں کو وارننگ دینے کے بعد غلطی دوبارہ کرنے پر سزا دی جائے گی۔
آئی سی سی نے کہا کہ اگر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کی جانب سے تھوک کا استعمال کیا گیا تو کھیل دوبارہ شروع کرنے سے قبل امپائرز گیند کو صاف کریں اور گیند کو چمکانے کے لیے کھلاڑیوں کو تھوک کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔
اگر ٹیم کی جانب سے مستقل یہ غلطی دہرائی گئی تو ہر اننگز میں دو مرتبہ ٹیم کو وارننگ جاری کی جائے گی لیکن غلطی دہرانے پر پینالٹی عائد کر کے پانچ رنز بیٹنگ ٹیم کو دے دیے جائیں گے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ٹیسٹ میچوں میں اگر کسی کھلاڑی میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو اس کا متبادل لانے کی اجازت ہو گی۔
متبادل کھلاڑی کے قانون کا اطلاق صرف ٹیسٹ میچ پر ہو گا اور جیسے سر پر گیند لگنے کے بعد متبادل کے قانون کا اطلاق ہوتا ہے بالکل اسی طرح بلے باز کی جگہ بلے باز اور باؤلر کی جگہ باؤلر کے متبادل کی اجازت ہو گی۔
تمام فارمیٹس میں نیوٹرل امپائرز کے بغیر میچز کے انعقاد اور مقامی امپائرز کے استعمال کی اجازت ہو گی جس کے سبب کھیل کے جانبداری کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور اسی لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیموں کے ڈی آر ایس ریویوز میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
یہ 2002 کے بعد ٹیسٹ میچ میں پہلا موقع ہو گا کہ نیوٹرل امپائر میچ میں فرائض انجام نہیں دیں گے اور اس نئے قانون کی منظوری بھی مختلف ملکوں کی سرحدوں کی بندش اور پروازوں کی پابندی کی وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے امپائرز کو ایک سے دوسر جگہ تک پہنچنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
اب نئے قانون کے بعد ٹیسٹ میچ کی ہر اننگز میں ٹیموں کو تین ریویو میسر ہوں گے جبکہ محدود اوورز کی کرکٹ کی ہر اننگز میں ٹیموں کو دو، دو ریویو ملیں گے۔
JUST IN: Interim changes to the ICC’s playing regulations have been confirmed.
— ICC (@ICC) June 9, 2020
Full details👇 https://t.co/GfQ8l6Qyra pic.twitter.com/4cT2YpOaEO