برلن: بلوچستان میں مسلح افراد کے ہاتھوں زخمی ہونے والی بچی برمش سے اظہاریکجہتی کے لیے جرمنی میں بھی احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔برمش یکجہتی کمیٹی جرمنی کے تحت دارلحکومت برلن میں ہاتھوں میں بینرزاور پلے کارڈ اٹھائے مظاہرین بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اورلاپتہ کئے جانے کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔
مظاہرے میں جرمنی کی بیشترریاستوں میں رہائش پذیرسیاسی جماعتوں کے کارکنوں اورسول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ڈنک میں مسلح افراد کے ہاتھوں خاتون کی ہلاکت اوراس کی بیٹی برمش کو زخمی کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث مسلح افراد اوران سرپرستوں کوگرفتارکرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔