|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2020

کوئٹہ 15 مئی: حکومت بلوچستان نے کاروبار میں آسانی سے متعلق سیل (Ease of Doing Business Cell) کے قیام کی منظوری دیدی ہے،

اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، سیل کا باقاعدہ افتتاح جلد وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کرینگے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نےسیل کے قیام کو بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن کے تحت وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جسکا اجلاس جلد طلب کیا جائیگا ،

اجلاس میں یہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا کہ کرونا وائرس کی موجودہی صورتحال میں وقت کا استعمال کر کے کاروباری حضرات کو کیا سہولیات اور آسانیاں مہیا کی جا سکتی ہیں، اجلاس میں تمام قواعد و ضوابط کی نقشہ سازی بھی کی جائیگی تاکہ کاروباری حضرات کو گھر بیٹھے تمام معلومات آن لائن دستیاب ہوں ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کے ارکان میں چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات،

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری انڈسٹریز سمیت چیئرمین بی بی او آئی شامل ہیں، اسکے علاوہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ایک سیل قائم کیا جائیگا جو کاروباری ضوابط کے معیار کو بہتر بنانے کی طرف کوششوں کی رہنمائی کرے گا اور کاروبار سے متعلق اقدامات کا جائزہ لے گا، سیل کا اجلاس ہر دو ماہ بعد ہونا لازمی ہوگا،

انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19کی صورتحال میں کاروباری طبقہ جن مسائل سےدوچار ہےاس کاحکومت کو احساس ہے اور وزیر اعلیٰ جام کمال نے کاروباری طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کی ہیں،بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ ان ہدایات کی روشنی میں کاروباری طبقے کو تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، کاروبار میں آسانی سے متعلق سیل کا قیام اس سلسلے میں ایک اہم پیشرفت ہے جس سے کاروباری طبقے کو کئی آسانیاں مل سکیں گی۔