|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے طلباء کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے طلباء وطالبات کو گرفتار کرکے غیر جمہوری طریقہ اپنایا جس سے پشتون بلوچ روایات کی پامالی ہوئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں ملک نصیر شاہوانی نے کہا کہ صوبائی حکومت طلباء و طالبات کو آن لائن کلاسز لینے کے لئے انٹرنیٹ سمیت سہولیات کی فراہم نہیں کرسکتی حالانکہ کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے کسی بھی علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے۔

اگر جامعات کی جانب سے آن لائن کلاسز کے لئے طلباء کو مجبور کیا جاتاہے تو اس سے پہلے طلباء کو انٹرنیٹ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی سمیت بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ طلباء کو اپنے آبائی علاقوں میں پڑھنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار طلباء کو رہا کرے بصورت دیگر اپوزیشن جماعتیں بھر پور احتجاج کرے گی۔