کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و سابق رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں جمہوریت کو بحال کرکے صوبوں کو خودمختار بنایا،بلوچستان کو اس کے حقوق دیئے،اٹھارویں ترمیم کیخلاف سازشوں سے صوبوں کی خودمختاری غصب ہوگی۔ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
نئے پاکستان میں حکومت ڈھائی سالوں کے دوران عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کرسکی لوگ پرانے پاکستان کو یادر کررہے ہیں،موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسوں کے تسلسل کو برقرار رکھے توبہت سے مسائل حل ہوں گے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے پیر کی شب سابق وفاقی وزیر سردار عمر گورگیج کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی نے مزید کہا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے کئی سالوں تک عوام کوخواب دیکھاتے ہوئے دعویٰ کئے کہ یہ اقتدار میں آکر لاکھوں نوجوانوں کو روزگار، پچاس لاکھ گھر تعمیر کرکے دیں گے ان کے دور اقتدار میں گورنر ہاؤس کی دیواریں گرادی جائیں گی کشکول توڑ کر آئی ایف ایم سے چندہ اور بھیک نہیں مانگا جائے گا سب کو پابند سلاسل کرکے ایک نیا پاکستان بنایا جائے گا۔
مگر آج لوگ پرانے پاکستان کو یادر کررہے ہیں، نئے پاکستان کی حکومت نے ڈھائی سالوں کے دوران عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا تجارت بند ہے موجودہ حکومت آفات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے ٹڈل دل کا مسئلہ ہو یا کورونا وباء حکومت کو بہتر اقدامات اٹھانے چائیے تھے جس کی ہم امید بھی کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی مخالف ہونے کے باوجود حکمران جماعت کے دعوؤں اور اعلانات کا جب سنتے تو سمجھتے تھے کہ ان میں کچھ صداقت ہوگی۔
مگرہم کیا دلبرداشتہ ہوں گے آج حکومت کے اپنے لوگ اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان اور بلوچستان کیلئے بہت کچھ کیا ہے پارٹی نے نہ صرف صوبے کو اس کے حقوق دیئے بلکہ 2008ء سے 2013ء تک کی حکومت میں این ایف سی ایوارڈ ہوا، اٹھارویں ترمیم آئی، آغاز حقوق بلوچستان کے تحت صوبے میں ترقی آئی لوگوں کو روزگار ملا آج بھی اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے صوبے کے لوگ خودمختار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرکے اختیارات وفاق کو منتقل کئے جائیں جس سے صوبوں کے حقوق کا نقصا ن ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں ملک میں جمہوریت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ملک کو 73 کا آئین دیا 2008ء کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر ملک میں جمہوریت کو بحال کیا۔
اور چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے اور جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچے، تاہم ہمارا مقصد ان کی اصلاح کرنا ہے حکومت میں آنے سے پہلے انہوں نے جو وعدے عوام سے کئے تھے ان پر تو یہ لوگ عملدآمد نہیں کراسکے تاہم اگر پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسوں کو جاری رکھا جاے تو بھی ملک کے بہت سے مسائل حل ہوں گے اور بہتری آئے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت تو پوری کرلے گی مگر اگر اس طرح حکومت چلاتے رہیں گے تو اس کا نقصان عوام کو ہوگا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بذات خود ایک اچھے انسان ہیں انہیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔
تاہم صوبائی حکومت کی کارکردگی صرف باتوں تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے بس میں کچھ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صوبے میں انتخابات کی تیاری کررہی ہے پارٹی کے جو ساتھی غیر فعال تھے انہیں دوبارہ متحرک کیا گیا ہے عید کے بعد صوبے بھر میں دورے کئے جائیں گے۔