|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2020

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ و قبائلی امور بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان کا امن تہہ و بالا کرنے میں ملوث امن دشمن عناصر کے خلاف خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں بلوچستان میں امن دشمن عناصر کو دشمن ملک کی کروڑوں روپے کی مالی فنڈنگ کے باوجود ہماری سیکورٹی فورسز ان کے نیٹ ورک کو پنپنے نہیں دے رہی بارڈر پر باڑ لگائے جانے کے بعد دہشت گردی کے اکا دکا واقعات پر بھی قابو پالیا جائے گا پاک افغان بارڈر پر مقامی بیروزگار افراد کو ایف، پولیس اور لیویز میں بھرتی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

جبکہ بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے وزیر داخلہ بلوچستان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے جبکہ ایک سب کمیٹی چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں بھی قائم کی گئی ہے لوگوں کو بیروزگار کرنا نہیں چاہتے تاہم اوپن بارڈر رسک بھی لینا نہیں چاہتے ان خیالات کا اظہار انہوں نے” اے پی پی ” سے بات چیت کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں پڑوسی ملک کی مداخلت کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔

اس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ہماری سیکورٹی ایجنسیاں ایسے عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کمر بستہ ہیں ہماری انٹیلیجنس ایجنسیوں نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دشمن کے بہت سے عزائم ناکام بنا دئیے ہیں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہوئی ہے اور یہ مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔

بلو چستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاررہے ہیں دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے لیویز اور پولیس فورس کے جوانوں کو جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت، کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بھرپور وسائل فراہم کررہے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔