|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2020

کوئٹہ:گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے صوبے بھر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ جان لیوا کرونا وائرس سے بچاو کی خاطر اس مرتبہ عیدالاضحیٰ سادگی سے اور گھروں میں منائی جائے. اس ضمن میں عالمی وبا کے خطرے کے پیش نظر اس مرتبہ گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بھی عید الاضحٰی کے موقع پر عید مبارکبادی کے حوالے سے کوئی اہتمام نہیں ہے.

اپنے ایک پیغام میں گورنر یاسین زئی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی تدابیر کی پاسداری کے حوالے سے عوامی سطح پر معمولی غفلت، ذرہ بھر بیاحتیاطی یا غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرنے سے بڑے نقصانات بھی ہو سکتے ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے.

انہوں نے کہا کہ ہمیں باجماعت نمازوں بالخصوص عیدالفطر کی نماز سمیت ہر قسم کے اجتماعات اور تقریبات کے دوران بھی کروناوائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے تمام اصولوں کو سختی سے اپنانے کی اشد ضرورت ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ اس بیماری پر قابو پانے کا پائیدار حل اپنے روایتی رویوں اور سوچ واپروچ میں جدید انسانی ضرورتوں اور معاشرتی تقاضوں کے مطابق تبدیلی لانی سے مشروط ہے. موجودہ صورتحال میں اپنی آمدورفت کو محدود اور غیر ضروری رابطوں کو ختم کریں۔