|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2020

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ صوبے میں ہیپاٹائٹس بی، سی اور ڈی(کو انفیکشن) تشویشناک حد تک بڑھ رہا ہے جس کے روک تھام کے سلسلے میں حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر،ماس اسکریننگ، ویکسین اور آگاہی مہم چلائے گی، وزیراعلیٰ ہیپاٹائٹس فری بلوچستان پروگرام کی کاوشیں قابل ستائش ہیں پروگرام کو صوبائی حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کریگی۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روزصوبے میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں سیکرٹری صحت دوستین جمالدینی، صوبائی کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ ہیپاٹائٹس فری بلوچستان ڈاکٹر گل سبین کاکڑ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو بر یفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر گل سبین کاکڑ نے کہاکہ بلوچستان کی آبادی کا 8سے10فیصد حصہ ہیپاٹائٹس کا شکار ہے لیکن آگاہی اور ٹیسٹ نہ کروانے کی وجہ سے بہت سے لوگ میں ان مہلک بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج نہیں ہوپاتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 10اضلاع نصیرآباد، جعفرآباد،پنجگور،لورالائی،بارکھان، صحبت پور،ژوب،موسیٰ خیل،کوہلو،ڈیرہ بگٹی بھی ہیپاٹائٹس کے حوالے سے ہائی رسک پر ہیں جبکہ صوبے میں ہیپاٹائٹس سی کے 15ہزار مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے لئے 6لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گی ہیپاٹائٹس بی کے 12ہزار مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔

جبکہ 3ہزار ایسے مریضوں کا علاج کیا گیا جنہیں ہیپاٹائٹس بی اور سی کا کوانفکیشن تھا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر) فضیل اصغر نے صوبے میں ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں وزیراعلیٰ پروگرام برائے ہیپاٹائٹس کنٹرول کی تقویت اوراسے مزید موثر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا اوراپنے وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں شعور و آگہی کی کمی اورحفظان صحت کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے ہیپٹائٹس پھیل رہا ہے، بلوچستان میں ہیپاٹائٹس کاپھیلاؤ روکنے کا سب سے موثر ذریعہ عوام میں شعور و آگہی بیدارکرنا ہے اس سلسلے میں سیاسی قیادت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر آگاہی اور ویکسین مہم شروع کی جائیں گی تا کہ اس موذی مرض کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ ہیپاٹائٹس فری بلوچستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر گل سبین کاکڑ اور انکی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں انکی کاوشوں کی بدولت کئی قیمتی جانوں کو بچایا گیا ہے حکومت وزیراعلیٰ ہیپاٹائٹس فری بلوچستان پروگرام کو ہر ممکن معاونت فراہم کریگی۔