زیارت: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال اور ضلعی زیارت کے سیکرٹری عبدالغفور نے کہا ہے کہ سویلین اتھارٹی کو ختم کرنے کا مقصد عوام کے وسائل پر قبضہ کرنا ہے، منشیات کی فروغ میں اضافہ قابل تشویش اور انتہائی خطرناک ہے،زیارت کے عوام کو ہر قسم کی ترقی وخوشحالی سے محروم رکھ کر انہیں مسائلستان میں دھکیلا جارہا ہے۔
دو سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجودسلیکٹڈ حکومت نے عوامی فلاح وبہود کے اسکیمات کیلئے ایک اینٹ بنیاد کی نہیں رکھی۔ بجلی، گیس کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے، زیارت بازار کے دکانداروں ومالکان کو بازار خالی کرانے کی دانستہ کارروائیاں عوام دشمنی سے کم نہیں۔ روزگار دینے کی بجائے عوام کو حاصل بچا کچا موقع بھی ان سے چھینا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع زیارت کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ضلعی سیکرٹری عبدالغفور صاحب نے کی۔ اجلاس میں پارٹی کے سیاسی تنظیمی صورتحال پر غور وخوض ہوا اور اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی ضلع زیارت کے تمام سطح کے تنظیموں کو فعال اور متحرک کیا جائیگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ضلع گزشتہ دو ماہ سے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی چوریاں، لوگوں کو دھمکی آمیز خطوط اور منشیات فروشی سرعام جاری ہے اور یہ عوام اور سماج دشمن کارروائیاں وکاروبار سرکاری سرپرستی میں جاری ہے جس کی پشتونخوامیپ پر زور مذمت کرتی ہے۔
اور اسے سلیکٹڈ زر اور زور کی حکومت کا تحفہ گردانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت میں بجلی گیس نہ ہونے کے علاوہ زیارت بازار کے دوکان مالکان کو نوٹسز جاری کرنے اور ان سے بازار خالی کرانے کی دانستہ کارروائیوں کے خلاف اپوزیشن کے تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں کی باہمی مشاورت اور اشتراک سے احتجاج طے کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ زیارت سمیت تمام پشتونخوا وطن میں منشیات کی فروغ میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔
پشتونخوا وطن میں منشیات کی فروغ دراصل نئی نسل اور جوانوں کی قدرتی، تخلیقی صلاحیتوں، وطن دوستی کے جذبات اور احساسات کو ختم کرنے کی گہری سازش ہے اسے ناکام بنانا وطن دوست، باشعور، سیاسی جمہوری کارکنوں کا فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویلین اتھارٹی ختم کرنے اور انتظامات ایف سی کے حوالے کرنے کی سازش اور قدرتی معدنی دولت سے مالا مال صوبے کے معدنی وسائل اور زمینوں کی قبضہ گیری۔
ملک کی پسماندہ ترین صوبے میں ترقی کا عمل روکنے اور عوام کو سب کچھ سے محروم کرنے کے خلاف آواز اٹھانا تمام سیاسی جمہوری وطن دوست پارٹیوں کا جمہوری فریضہ ہے۔ کیونکہ صوبے کے عوام صوبے کے مالک ہیں اور سرکاری ملازمین عوام کے نوکر اور خادم ہے۔ عوام کو حق ملکیت کا شعور دینا سیاسی جمہوری وطن دوست کارکنوں کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ ضلع زیارت اپنے عوام کی مدد اور کارکنوں کی اعلیٰ صلاحیتوں سے عوام کے خلاف ہونے والے ہر سازش کو ناکام بناکر دم لیگی۔