|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2020

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہا ہے کہ طلباء اور طالبات کیلئے کالجز اور اسکولوں میں حکومت کی طرف سے دیے گئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ناگزیر ہے جس سے وبا ء پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف اسکولوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد ہاشم غلزئی، سیکرٹری ثانوی تعلیم شیر خان بازئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ اس مشکل وقت میں اساتذہ کو زیادہ محنت کرنا ہوگا اس کے علاؤہ طلباء کو بھی زیادہ ٹائم دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مجبوری تھی کہ اسکولوں کو کچھ مہینوں کیلئے بند کرنا پڑا لیکن کورونا کے دوران طلباء اور طالبات کا جو وقت ضائع ہوا ہے ان کے ازالے کیلئے دن رات محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد حکومت کی طرف سے دیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

لیکن مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی کہ ایس او پیز پراچھے طریقے سے عملدرآمد ہورہاہے انہوں نے کہا کہ وائرس پوری طرح سے ختم نہیں ہوا ہے اور ابھی تک کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور ہمیں احتیاط کرنے کی سخت ضرورت ہے چیف سیکرٹری نے کہا کہ اسکولوں میں صفائی ستھرائی وائرس کو مزید پھیلنے سے روک سکتا ہے انہوں نے کہا کہ تمام طلباء کو ماسک کا استعمال ضروری کرنا ہوگا اور تمام عملہ اور طلباء بار بار ہاتھ دھوئیں۔

جبکہ تعلیمی ادارے صابن اور سینیٹائزر کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ سکول آنے والے اپنے بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور بخار سمیت وائرس کی کوئی بھی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں اسکول نہ بھیجیں انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سے بھی اس وبا ء سے انسان محفوظ رہ سکتے ہیں۔