|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

کراچی: چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کا موبائل ممبر سازی کیمپ مبارک ویلج کا دورہ،ماہی گیروں کی بڑی تعداد نے پرتپاک استقبال کیا،فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالنے کے لیے اسکروٹنی کا عمل تیز اور نئی و پرانی ممبر سازی کو کمپیوٹرائز کر کے شفاف بنایا جا رہا ہے۔چیئرمین عبدالبر ماہی گیروں سے خطاب تفصیلات کے مطابق چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرسرپرائز وزٹ پر سوسائٹی کی جانب سے ممبر سازی کے حوالے سے مبارک ویلج میں منگل کے روز سے لگائے جانے والے موبائل کیمپ پہنچ گئے۔

جہاں پر چیئرمین عبدالبر نے ایف سی ایس کے اسٹاف اور کمپیوٹرائز ممبر سازی کی تکمیل میں مشکلات کے حوالے سے ماہی گیروں سے معلومات حاصل کیں۔تاہم ماہی گیروں نے چیئرمین عبدالبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کوششوں سے 20سال کے بعد ممبر سازی کھلی ہے۔ عرصہ دراز سے نئی ممبر شپ کھلنے کے منتظر ماہی گیر مدتوں تک آپ کے احسان مند رہیں گے۔

ناصرف آپ نے ممبر سازی اوپن کی بلکہ آپ نے ممبر سازی ماہی گیروں کی دہلیز تک پہنچا دی ہے۔آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ماہی گیروں کے پاس الفاظ نہیں ہیں۔چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبرنے ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے ماہی گیروں کو کراچی فش ہاربر آتے ہوئے کتنی مشکلات پیش آتی ہیں۔

اس لیے آپ کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور دور دراز علاقوں کے رہائشی ماہی گیروں کی سہولت کے پیش نظرکمپیوٹرائز ممبر سازی کا عمل مکمل کرنے لیے موبائل کیمپوں کا خصوصی طور پر انتظام کیا گیا ہے۔تاکہ ممبر سازی کا عمل میں ماہی گیروں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔چیئر مین عبدالبر نے کہا کہ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں موجود کالی بھیڑوں کو نکالنے کے لیے اسکروٹنی کا عمل مکمل اور ممبر سازی کو کمپیوٹرائز کر کے شفاف بنایا جا رہا ہے۔

شعبہ ء ماہی گیری سے نا آشناجعل سازوں نے عر صہ دراز سے جعلی ممبر شپ کی بنیاد پر عہدے حاصل کر کے اصل ماہی گیروں کو حق سے محروم کررکھاتھا۔تقریبا 20سال بعد فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں شفا ف نئی ممبر سازی کرکے حقیقی ماہی گیروں کو جعل سازوں کے چنگل سے آزاد کرائیں گے۔چیئرمین عبدالبرنے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کمپیوٹرائز ممبر شپ کارڈ زبنوانے والے ماہی گیروں کو شہر کے کسی بھی ہسپتال سے پورے خاندان کے لیے مفت علاج معالجہ اور مفت تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی۔