|

وقتِ اشاعت :   October 2 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف وسیع وعریض رقبہ رکھتا ہے بلکہ یہاں دنیا کی قدیم ترین تہذیب بھی پائی جاتی ہے، صوبے میں بہت سے ایسے تاریخی مقامات ہیں جنہیں بھرپور انداز سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایسے تاریخی مقامات سیاحوں کے لئے پرکشش بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ آرکائیوز اور کلچر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور مقامات آثار قدیمہ کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکریٹری کیو ڈی اے بشریٰ رند، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اطلاعات اور سیکریٹری کلچر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، سیکریٹری کلچر نے ادارے کی جاری اور نئے ترقیاتی اسکیمات پر پیشرفت اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آثار قدیمہ کے تحفظ، سیاحت کے فروغ اور لائبریریوں کے قیام کے لئے صوبے بھر میں محکمہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبے پر پیشرفت جاری ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں دنیا کی قدیم ترین تہذیب مہرگڑ ھ کے علاوہ دیگر ایسے تاریخی مقامات موجود ہیں جن میں میری قلات، شاہی تمپ، چوکنڈی چاغی اور دیگر ایسے تاریخی مقامات ہیں جن کو احسن انداز سے نمایاں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے مقامی آبادی کو بھی ان مقامات سے متعلق آگہی فراہم ہوسکے، وزیراعلیٰ نے سیکریٹری کلچر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں مجوزہ آرٹ گیلری اور کلچرل کمپلیکس کے قیام سے متعلق اس میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک سمری ارسال کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مقامات آثار قدیمہ کو ان کی تاریخی اہمیت کے مطابق تقسیم کیا جائے اور سیاحتی مقامات پر سیاحتی ریزوٹ کی تعمیر کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کو تیز کیا جائے، انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر ان تاریخی اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کے لئے بورڈ نصب کئے جائیں تاکہ جو لوگ ان شاہراہوں پر سفر کرتے ہیں وہ ان مقامات سے متعلق آگہی حاصل کرسکیں۔

جبکہ محکمہ اطلاعات ان مقامات کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی دستاویزی پروگرامز بناتے ہوئے بھرپور انداز سے ان کی تشہیر کریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا صوبہ دنیا کا وہ خطہ ہے جہاں ایک ہی صوبے میں موسمیاتی تغیر پایا جاتا ہے جو اسے ملک کے دیگر صوبوں سے منفرد بناتا ہے جبکہ یہاں کی ساحلی پٹی کاشمار طویل ساحلی پٹیوں میں ہوتا ہے، اگرتمام ضروری سہولیات سے آراستہ ریزوٹس تعمیر کئے جائیں گے۔

ان مقامات کو بھرپور پذیرائی بھی ملے گی، وزیراعلیٰ نے لائبریریوں کے قیام کے حوالے سے سیکریٹری کلچر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان لائبریریوں میں کتب سمیت دیگر تمام ضروری سہولیات کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ جو طلباء یہاں آئیں انہیں تمام سہولیات دستیاب ہوں اور احسن انداز سے مطالعہ کے تعمیری عمل کو فروغ دے سکے۔