|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2020

تربت: گذشتہ روز ایف سی بلوچستان ساؤتھ ہیڈکوارٹرز میں منشیات کی روک تھام کے لیے عوامی جرگے کا انعقاد کیا گیا کہ جس میں ایم پی اے احسان شاہ، کمشنر مکران اور دیگر حکام کے علاوہ علاقائی عمائدین، سول سوسائٹی اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔جرگہ کے آغاز میں آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سرفراز علی نے معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایف سی بلوچستان ایک بڑی فورس ہے۔

اور عوام کی خدمت اس کا اہم فریضہ ہے۔ لہٰذا ایف سی ساؤتھ علاقے میں خطرناک حد تک پھیلتی ہوئی منشیات کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ منشیات اس وقت یہاں سب سے بڑا سماجی چیلنج ہے جسے مل کرنپٹنے کی اشد ضرورت ہے۔ روایتی منشیات کے ساتھ ساتھ آج کل کیمیکلز اور مصنوعی منشیات کا استعمال زہرِ قاتل ہے اور ہماری نوجوان نسل کے لیے انتہائی تباہ کن ہے۔ اگر اس برائی کو روکا نہ گیا تو کوئی گھر محفوظ نہیں رہے گا۔

آئی جی ایف سی نے مزید کہا کہ انسدادِ منشیات کے لیے مطلوبہ لائحہ عمل کے کئی پہلو ہیں جن میں اپنے متاثرہ عزیز و اقارب کو ترک منشیات کی ترغیب دینا یا زبردستی روکنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹاؤن کمیٹیوں کو فعال بنانا، متاثر افراد کا علاج اور مقامی بحالی مراکز کی تعمیر و تجدید، بڑے شہروں بشمول کراچی میں نشے کے عادی افراد کا علاج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بروقت رپورٹنگ کا نظام و طریقہ کار وضع کرنا بھی ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کن گھڑی ہے کہ جب اپنی نسلوں کے تحفظ کے لیے سب کو اتحاد و اتفاق سے منشیات کی برائی کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنا کردار نبھانا ہے۔علاقے کے متعبرین نے اس اہم معاشرتی و معاشی مسئلہ پر ہنگامی جرگہ بلانے پر آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور اپنی قیمتی آراء اور تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے روزگار کی سہولیات بڑھنے سے منشیات کے رجحان میں کمی آئے گی۔

اس کے علاوہ خواتین کے ذریعے منشیات کی نقل و حمل کے سد باب، قانون کی عملداری، علاج کے بعد منشیات سے متاثرہ افراد کی سائیکو تھراپی، ٹیکنیکل ٹریننگ اور معاشی بحالی، منشیات کے خلاف ایکشن کمیٹی کے باقاعدگی سے اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیا۔رکن صوبائی اسمبلی احسان شاہ نے آئی جی ایف سی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ایک مکمل اور مربوط ایکشن پلان کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے حاجی برکت اللہ کے علاقے سے منشیات کے خلاف جہاد میں ہراول دستے کے کردار کو سراہا اور لیویز فورس کو فعال کرنے اور اس مشترکہ کاوش میں شامل کرنے پر زور دیا۔

آخر میں آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ نے تشکر کے ساتھ ساتھ اپنی قوی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا یہ خطہ ضرور چمکے گا کیونکہ یہاں کے لوگوں کی اکثریت بہت مثبت اور تعمیری سوچ کی حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خاتمے کے اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے یکجا ہو کر ہم سب اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔