|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2020

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما ڈاکٹر نواز خان ناصر کی قیادت میں دُکی کے وفد نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی،وفد میں ضلع دکی سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور علاقے کے معتبرین نے شرکت کی،وفدنے وزیراعلیٰ کو ضلع دکی کے مسائل،سڑکوں کی تعمیر اوردیگر متعلقہ امورپربات چیت کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی۔

ملاقات کے دوران وفد نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ضلع دکی کوئلے کے وسیع ذخائر رکھتا ہے اور اس کا شمار ملک ان اضلاع میں ہوتا ہے۔جو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے وہ اضلاع جو پسماندہ ہیں وہاں حکومت سڑکوں کی تعمیر،تعلیم،صحت اور دیگر ضروری حل طلب امور پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ صوبے میں یکساں ترقی کا عمل رواں رہے۔

اور صوبے کا ہر ضلع حکومت کے ترقیاتی وژن کے عین مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع دکی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،ضلع میں سڑکوں کی تعمیر،مواصلات کے نظام اور بجلی کی موثر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ ضلع کی عوام حکومتی اقدامات سے مستفید ہوں اور مجموعی طور پر ضلع میں خوشحالی اور ترقی آئے۔