|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2020

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابقہ ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا ہے اپوزیشن کے اتحاد کا کوئٹہ میں جلسہ عام منعقد کرنے کے فیصلے کے پیچھے اور مقاصد چھپے ہوئے ہیں نیب اور کرپشن زدہ رہنماوں کو بچانے کے لئے ان کو لاہور یا کراچی میں جلسہ کرنا کیوں یادنہیں پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ ترجمان بابر یوسفزئی نے کہا کہ دراصل اپوزیشن سی پیک اور بلوچستان میں جاری ترقی کے سفر کو سبوتاڑ کرنا چاہتی ہے۔

ان تمام جماعتوں نے ہمیشہ بلوچستان کو اپنی سیاست اور مفادات کے لئے استعمال کیا ہے۔ برسوں کے پسماندہ اور محروم صوبے میں پہلی بار وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں امن ترقی اور خوشحالی پر کام تیزی سے جاری ہے اور بلوچستان بدل رہا ہے۔ سی پیک کے منصوبے سے مغربی روٹ پر موجود بلوچستان کے تمام علاقوں کی تقدیر بدلنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز اور مخلصانہ کاوشوں سے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے اکنامک زون اور معاشی ترقی و اقتصادی خوشحالی کے لئے منصوبوں کو عملی جامعہ پہنایا گیا ہے۔پہلی بار کوئٹہ شہر کی خوبصورتی پر توجہ دی گئی ہے اور منصوبوں پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی لیڈر شپ اور ترقی و خوشحالی کا یہ شاندار سفر دراصل اپوزیشن جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہا ہے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام نے ان نام نہاد بلوچستان کے خیر خواہوں کو مسترد کردیا ہے۔ اور اپوزیشن اپنے مقاصد اور نیب زدہ لوگوں کو بچانے کے لئے کوئٹہ اور بلوچستان کے عوام کو استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بلوچستان کے عوام ان کو پہچان چکے ہیں۔

اور آج کا بلوچستان ان اپوزیشن جماعتوں سے پوچھ رہا ہے کہ انہوں اپنے بااختیار دور حکومت میں صوبے کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کی پسماندگی کے لئے کونسا کام کیا ہے۔ ذرا بلوچستان کے عوام کو تو بتا بھی دیں۔ اور یہ بھی بتا دیں کہ ان کے دور حکومت میں صوبے میں کتنی کرپشن ہوئی۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان سے اپوزیشن کی نیب زدہ لوگوں کو بچانے کے لئے تحریک کے آغاز کی مذمت کرتے ہیں اور انشاء اللہ اپوزیشن کی ذاتی مفادات پر مبنی اس تحریک کا انجام بھی لانگ مارچ کی ناکامی کی طرح ہوگا۔