|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2020

اسلام آ باد: قومی اسمبلی میں حکومتی اتحادی رکن اسلم بھوتانی نے کہاہے کہ گوادر کے لوگ مشکلات میں ہیں، لوگوں سے صدیوں پرانا روزگارچھیننا جا رہا ہے، این ایل سی زمین ایکوائر کر رہا ہے، عوام کو ڈر ہے کہ ان کو بے دخل کیا جائے گا، این ایل سی کو روکا جائے،حکومت نے جزائر پر قانون سازی کرتے ہوئے مجھ سمیت مقامی حلقوں کے منتخب ارکان سے نہیں پوچھا، ہم لوگوں کے حقوق کا سودا کرنے نہیں آئے۔

جزائر پر گوادر اور لسبیلہ کے عوام کا حق ہے،حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا پنجاب میں وظائف ختم کر دیئے ہیں ان کو بحال کیا جائے، سی پیک کی سیکیورٹی کے نام پر مقامی لوگوں کی تذلیل بند کی جائے۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی اتحادی رکن اسلم بھوتانی نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے لوگ مشکلات میں ہیں۔ صدیوں پرانا روزگار ان سے چھیننا جا رہا ہے۔

این ایل سی زمین ایکوائر کر رہا ہے۔ عوام کو ڈر ہے کہ ان کو بے دخل کیا جائے گا۔ این ایل سی کو روکا جائے۔ وفاق نے جزائر پر قانون سازی کرتے ہوئے مجھ سے نہیں پوچھا۔ میرے حلقہ میں بڑا حصہ جزائر کا شامل ہے۔ ہم لوگوں کے حقوق کا سودا کرنے نہیں آئے۔ جزائر پر گوادر اور لسبیلہ کے عوام کا حق ہے۔ سی پیک کے تحت اربوں روپے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کئے جا رہے ہیں۔

گوادر میں بجلی کا نظام درست کرنا ہوگا اگر سی پیک کو کامیاب کرنا ہے۔ حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا پنجاب میں وظائف ختم کر دیئے ہیں ان کو بحال کیا جائے۔ سی پیک کی سیکیورٹی کے نام پر مقامی لوگوں کی تذلیل ہو رہی ہے۔