کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے پی ڈی ایم جلسوں کے بیانیہ کیخلاف قرارداد پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے انتخابات میں شکست خوردگی کے بھڑاس نکالنے کے سوا کچھ نہیں، گوجرانوالہ اور کراچی کے جلسوں میں ریاستی اداروں کیخلاف زہر اگلوائے گئے،
جلسوں کے دوران اداروں کیخلاف زہر اگلوانا محب وطن پاکستانیوں کیلئے ناقابل برداشت ہے، ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قومی سیاسی جماعتوں کا خاصہ نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتوں نے غیر ذمہ دارانہ عمل کے ذریعے قومی اداروں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی ہے، غیر ذمہ دار سیاسی جماعتیں ملک میں انارکی پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں،
ایف اے ٹی ایف سمیت درپیش چیلنجز کے دوران انتشار پھیلانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک کے عوام پاک فوج کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قومی اداروں پر دشنام طرازی اور انتشار پھیلانے کی مذمت کرتے ہیں، بلوچستان کی عوام اپنی فوج اور اداروں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے نظر آئینگے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ایوان میں قرارداد کیخلاف ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔