|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2020

پشاور: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا، جلسے کو روکا نہیں جاسکتا،پشاور دھماکے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا جوڈیشل انکوائری کمیشن بنایاجائے،گزشتہ روزمولاناعبدالغفور حیدری پشاور کی دیر کالونی مسجد پہنچے جہاں بم دھماکے کے شہدا کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مسجد دھماکا بہت دل خراش اور افسوسناک واقعہ ہے، واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اب تک سنجیدہ ایکشن نہیں لیا گیاانہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ابھی تک یہاں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی حکومت کی طرف سے واقعے پر کوئی جوڈیشل کمیشن بنایا گیا۔رہنما جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کا جوڈیشل انکوائری کمیشن بنایا جائے۔

اور زخمیوں اور شہدا کیلئے پیکج کا اعلان کیا جائے۔ان کا کہناتھا کہ حکمران ناکام ہوچکے ہیں کہیں بھی حکومتی رٹ قائم نہیں، پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم)جلسہ ضرورہوگا، جلسے کو نہیں روکا جا سکتا، اس کے علاوہ ملتان میں بھی جلسہ ہوگا۔خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے تحت گوجرانوالا، کراچی اور کوئٹہ میں جلسے ہوچکے ہیں جب کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔