کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالوسع نے کہا ہے کہ عوام سلیکٹڈ حکومت کو مزید برداشت نہیں کرسکتی ہے، عوام کو بے وقوف بنانے والوں کو گھر جانے کا وقت آن پہنچا ہے، پی ڈی ایم کسی صورت بھی نہیں ٹوٹے گی بلکہ جب تک موجودہ حکمران استعفے نہیں دیتے اور ملک میں نئے اور غیر جانبدارانہ انتخابات نہیں کرائے جاتے اس وقت تک یہ تحریک چلتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت علماء اسلام کے عہدیداروں و کارکنوں پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے ایک طرف کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے تو دوسری جانب تعلیم یافتہ اور قابل نوجوان بے روزگاری کے باعث در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل عوام کے ساتھ جو وعدے کئے ان میں سے ایک بھی وعدہ وفا نہیں کرسکے۔ بے روزگار نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدہ کیا گیا تھا مگر اب تو الٹا برسرروزگار لوگوں کو فارغ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی جدوجہد اور کوششوں سے پی ڈی ایم کی متعین کردہ اہداف کو حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بے وقوف بنانے والوں کو عوام نے اچھی طرح سے جان لیا ہے۔
عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے این آر او نہیں دوں کی راگ الاپا جارہاہے مگر ہم بتانا چاہتے ہیں کہ اب این آر او آپ کو نہیں ملے گی ہم نے این آر او مانگا ہے اور نہ ہی ہمیں اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام، نئے سرے سے غر جانبدارانہ صاف شفاف انتخابات تک پی ڈی ایم کی تحریک چلتی رہے گی۔