کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء وسینیٹر حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ اپوزیشن نہیں حکمران این آر او کی بھیک مانگ رہے ہیں انہیں این آر او کسی صورت نہیں دیں گے قوم کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے والے رہزن دوسروں کو چور کہہ کر اپنی چوری چھپانے کی کوشش کررہے ہیں حکمران لاکھ اپنا چہرہ چھپائے مگر اب قوم ان کا حقیقی چہرہ دیکھ چکی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایٹ مرکز اسلام آباد میں کوئٹہ کیپٹل کیفے ہوٹل کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ناچ گانے اور امپائر کی انگلی سے اقتدار حاصل کرنے والے تاحال امپائر کی انگلی پر ناچ رہے ہیں دوسروں کی اشاروں پر چلنے والے گونگے بہرے عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی ہی ملکی مسائل سے نجات کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
مزید تجربات کی بجائے اقتدار قوم کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کی جائے اس موقع پر تاجر سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔ دریں اثنا جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما مولاناحافظ حمداللہ نے جمعیت علمااسلام حلقہ 39کے سینئر نائب امیر جلیل خان نورزئی صلاح الدین نورزئی کی عیادت کی اور انکی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔