|

وقتِ اشاعت :   November 14 – 2020

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے پہلے پلے آف میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ کراچی کنگز کی ٹیم نے 14 رنز کے ہدف کا کامیاب دفاع کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا  گیا 142 رنز کا ہدف برابر کر دیا تھا۔

کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 19 رنز پر گری جب شرجیل خان 4 رنز بنا کر سہیل تنویر کا نشانہ بنے، الیکس ہیلز 22 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے 53 گیندوں پر 65 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، عماد وسیم 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، والٹن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہد خان آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ایڈم لیتھ اورذیشان اشرف نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم لیتھ صرف 9 رنز بناکر چلتے بنے۔

سلطانز کی جانب سے روی بوپارا 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، کراچی کی جانب سے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل فائیو کے دوبارہ آغاز پر کراچی کنگز کے آنجہانی ہیڈ کوچ ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ڈی کی شکل بنا کر ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا اور دونوں ٹیموں کی جانب سے ڈین جونز کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔

کراچی کنگز کے کھلاڑی ڈین جونز کی یاد میں سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیل رہے ہیں۔ کراچی کنگز کے سابق کوچ ڈین جونزکا کچھ عرصہ قبل انتقال ہوا تھا۔