گوادر: ڈپٹی چیرمین سنیٹ آف پاکستان سلیم مانڈوی والا اپنے نجی طیارے کے زریئع ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچ گئے۔ گوادر ایئرپورٹ پہنچنے پر بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سنیٹر کہدہ بابر بلوچ، پی پی پی کے صوبائی رہنما اعجاز بلوچ اور دیگر سرکاری افسران نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا اور برتھنگ ایریا سمیت پورٹ کے مختلف مقامات کا معائینہ بھی کیا۔
اس موقع پر چائینہ بزنس سینٹر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چائنیز اور دیگر کے ساتھ نمائشی ٹیبل ٹینس کھیلا۔ گوادر پورٹ پر گوادر پورٹ اتھارٹی اور ادارہ ترقیات گوادر کی جانب سے انہیں سی پیک، فری زون، گوادر ماسٹر پلان اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ گوادر میں فلائیٹ کی کمی کا مسلہ جلد حل ہونے جارہا ہے، اگلے ماہ تک گوادر میں اضافی فلائیٹ کا شیڈول طے ہوگا۔ جس سے لوگوں کو ملک کیمختلف شہروں میں آنے جانے کیلئے سفری سہولیات میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کو مستقل بنیادوں پر فعال بنانے کیلئے ضروری ہے کہ روزانہ ایک شپ کا گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہو۔ جس کو یقینی بنانے کیلئے میں اور سینیٹر کہدہ بابر بلوچ سینیٹ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت جہاز رانی و بندرگاہ کو چاہیئے کہ گوادر بندرگاہ کو فعال بنانے کیلئے کراچی کی بندرگاہ میں کھاد، گندم وغیرہ کی اَن لوڈنگ پر پابندی عائد کرکے یہ اشیاء گوادر بندرگاہ میں اتارنے کی نوٹفکیشن جاری کرے تاکہ گوادر پورٹ مکمل طور پر فعال ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگ بھی برسر روزگار ہوسکیں۔ انہوں نے گوادر پورٹ اور جی ڈی اے کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ منصوبوں کیلئے صرف ٹینڈر جاری کرنا کافی نہیں ہے بلکہ بہترین کنسلٹینٹس کو تلاش کرکے کام ان کے سپرد کرنے کی ضرورت ہے۔
تاکہ بہترین انداز میں منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔ دوران میٹنگ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اعجاز بلوچ نے ڈپٹی چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ گوادر سٹی سمیت پورے ڈسٹرکٹ میں ایک بھی میٹرنٹی ہوم نہیں جس سے زچگی کے دوران کئی خواتین اپنی زندگیوں کی بازی ہار جاتی ہیں۔ لہذہ گوادر میں ایک میٹرنٹی ہوم کا قیام عمل میں لانے کی اشد ضرورت ہے۔ جس پر ڈپٹی چیرمین سنیٹ سلیم مانڈوی والا نے انہیں ایک ہفتے میں میٹرنٹی ہوم کا فیزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون تیار کرنے اور انھیں ارسال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گوادر سٹی میں ایک میٹرنٹی ہوم شہید بینظیر بٹھو ٹرسٹ کی جانب سے قائم کیا جائے گا۔ میٹنگ اور بریفنگ کے موقع پر سینیٹر کہدہ بابر بلوچ، چینی کمپنی کے حکام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔