|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2020

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے احتجاجًا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

بورڈ اور مینجمنٹ کے رویے سے دلبرداشتہ محمد عامر نے احتجاجاً ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیل سکتا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ مجھے ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہی ہے اور میں موجود صورتحال میں ذہنی دباؤ برداشت نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس کے باوجود مجھ پر طنز کیا جاتا ہے اور موجودہ کوچز دبے لفظوں میں کہتے ہیں عامر نے دھوکا دیا۔

عامر نے الزام عائد کیا گیا انہیں منصوبہ کے تحت سائیڈ لائن کیا گیا اور ان کے بارے میں تاثر قائم کیا گیا کہ وہ ملک کے لیے نہیں کھیلنا چاہتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریتائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

وہاب ریاض نے بھی کھیل کے طویل ترین فارمیٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے دونوں کرکٹرز شدید تنقید کی زد میں تھے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے بھی عامر اور وہاب دونوں کی ریٹائرمنٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر اور واہب کی ریٹائرمنٹ سے مشکل دوروں میں پاکستان کو تجربہ کار باؤلرز کی کمی محسوس ہو گی۔

گزشتہ دنوں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو وہاب ریاض تو اس ٹیم میں شامل تھے لیکن محمد عامر جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

اس معاملے پر جب محمد عامر سے پوچھا گیا تھا تو انہوں نے طنزاً جواب دیا تھا کہ ‘مصباح صاحب ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔