کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ قومی ترقی وروایات پر توجہ نہ دینے والی اقوام ابدی غلام بن جاتی ہیں ، سازش کے تحت ہمارے قومی اور سماجی ارتقاء کو روک کر سماج کو تباہی کی جانب دھکیل دیا گیا ہے ۔
صوبے کے محل وقوع سے یہاں کے لوگ علم اور کتاب کے ذریعے استفادہ کرسکتے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے سراوان ہائوس میں شہید باز محمد کاکڑ لائبریری کوکتابیں دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے شہید باز محمد فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر لعل محمد کاکڑ،عبدالمتین اخونزادہ نے بھی خطاب کیا
جبکہ اس موقع پر بلوچستان پیس فورم کے وائس چیئرمین ظفر صدیق، طاہر خان ہزارہ ودیگر بھی موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ تاریخ میں ایسی بہت سی زندہ مثالیں موجود ہیں کہ جو قومیں اپنی قومی ترقی اور روایات پر توجہ نہیں دیتیں یا ان قوموں میں ایسے لوگ پیدا ہوجاتے ہیں
جو اپنے زاتی اغراض و مفاد کیلئے قومی شناخت اور روایات کا سودا کرتے ہیں وہ قومیں ابدی غلامی کا شکار ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور پسماندگی کا شکار بلوچستان نہ صرف بین الاقوامی سازشوں کے براہ راست زد میں ہے بلکہ صوبے کے جغرافیائی محل وقوع کی بنیاد پر ہمارے لوگ لاعلمی میںسازشوں کیلئے استعمال ہوتے ہیں
جس سے ہمارا سماج باقی دنیا سے بہت پیچھے رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب دو ذہنوں ،فکر کے درمیان مکالمے تنازعات ، ٹکرائو ، سازشوں سے نجات اور سماج کو فساد سے بچانے کا ذریعہ ہے اور صوبے کے محل وقوع سے یہاں کے لوگ علم اور کتاب کے ذریعے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ہمارے قومی اور سماجی ارتقاء کو روک کر ہمیں تباہی کی جانب دکھیلا جارہا ہے اور انہی سازشوں کی بنیاد پر پارلیمنٹ کو یرغمال بناکر ریاست قوم کے اندرونی معاملات ، مذہبی ،فرقہ وارانہ،قبائلی ،سیاسی ،سماجی ،نظریاتی معاملات میں بھی فریق بنتا ہے
تاکہ ہماری پسماندگی میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پیس فورم کے پلیٹ فارم سے ہماری کوشش ہے کہ اپنے سماج کا تعلق کتاب کیساھ جوڑکرجاری سازشوں کا راستہ روک کرمعاشرے اور ملک کو علم کے ذریعے باقی دنیا کی طرح پرامن سیاسی ، معاشی اور سماجی ترقی کی طرف لے جائیںاس مقصد کیلئے اپنے گھر سے کتاب دوست تحریک کا آغاز کرکے اب تک ہزاروں کی تعداد میں مصدقہ کتابیں بلوچستان کی مختلف جامعات، تعلیمی اداروں ، لائبریریوں کو عطیہ کرچکے ہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید باز محمد فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر لعل محمد کاکڑ،عبدالمتین اخونزادہ ودیگر نے کہا کہ نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سماج کو درپیش بحران سے نکالنے کیلئے اپنا سیاسی ، انفرادی اور قومی کردار ادا کررہے ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ظاہر کی کہ معاشرے کے دیگر سیاسی وقبائلی زعماء بھی کتاب دوست تحریک کا حصہ بن کر اپنے حصہ کا کردار ادا کریں گے ۔
سماجی اور قومی ارتقاء کو روک کر ہمیں تباہی کی جانب دھکیلا جارہا ہے ‘ لشکری رئیسانی
وقتِ اشاعت : December 18 – 2020