|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2020

کوئٹہ: مسیحی اور سکھ رہنمائوں ،سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین ملک کے تمام شہریوں کو بلا تفریق رنگ ونسل و مذہب مساوی حقوق دیتا ہے، حضرت عیسیٰ نے محبت، اخوت، برداشت، عدم تشدد و انسانیت کی خدمت کی تعلیمات دیں، پاکستان میں بسنے والی مسیحی سمیت اقلیتی برادریوں کی ملک کی تعمیر وترقی کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں۔

یہ بات سابق رکن قومی اسمبلی خلیل جارج بھٹو، امروز جان فرانسس، شہزاد کندن، کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن، ترقی فائونڈیشن کے امجد رشید، ولیم بھٹی، چوہدری زبیر، سردار اونکار سنگھ سمیت دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں مدر ٹریسا میموریل سوشل سوسائٹی کے زیر اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کرسمس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مقررین نے کہاکہ پاکستان کے آئین میں تمام برداریوں ، مذہب اور اقوام کو مساوی حقوق حاصل ہیں ملک کی ترقی کے لئے ہم نے ہمیشہ ایک قوم کی طرح کام کیا ہے یہاں بسنے والی اقوام میں اقلیت اور اکثریت کی کوئی تفریق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو ملکی وبین القوامی سطح پر جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے بنر د آزما ہونے کے لئے ہمیں ایک بار پھر 1947کے جذبے اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے مساوی حقوق حاصل ہیں ہمارے ہمسایہ ملک میں اقلیتوں کے ساتھ جو رویہ رواں رکھا جارہا ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے دنیا کے تمام مذاہب ہمیں امن ،عزت و احترام کا درس دیتے ہیں انسانیت کا احترام ہر مذہب میں فرض قراردیا گیا ہے چند ایک شرپسند عناصر کی وجہ سے ہمیں ملک و دنیا بھر کا امن خراب نہیں ہونا دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق تمام شہری برابر ہیں اور انکی قابلیت و توانائیوں کو ملک کی بہتری کیلئے بروئے کار لانے کی ضرور ت ہے بلوچستان بہترین روایات کی امین سرزمین ہے۔

جس میں بسنے والی تمام اقوام اور مذاہب کے لوگ ایک گلدستے کی مانند ہیں جنہوں نے ہمیشہ پرامن طور پر صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعاکی گئی ۔