کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ 31جنوری تک حکمران مستعفی نہ ہوئے تو پی ڈی ایم اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔
13جنوری کو لورالائی میں ہونے والی ریلی میں جمعیت کے امیر مولانا فضل الرحمن سمیت پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین شرکت کرینگے ۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاہے کہ جمعیت علما اسلام کے صوبائی عہدیداروں ، ضلعی رہنمائوں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ13جنوری کو لو رالا ئی میں ہو نے والی ریلی کا کا میاب بنا نے کے لئے کیلئے رابطے تیز کریں اور اس ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اب پی ڈی ایم سے این آر او مانگنے کے لئے مختلف ذرائع استعمال کررہی ہے مگر پی ڈی ایم انہیں اب این آر او دینے کے لئے تیار نہیں ہے اور نہ ہی پی ڈی ایم سلیکٹڈ حکومت کو مزید تسلیم کرے گی بلکہ حکومت کے خاتمے کے لئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ہر حد تک جائیں گی ۔ جمعیت علما اسلام کے قومی و صوبائی اراکین اسمبلی کے اراکین نے اپنے استعفے جمع کرادئیے ہیں ۔
اب مرکزی قیادت کی جانب سے جو بھی حکم آئے گا اس پر جمعیت علما اسلام کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین لبیک کہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں جو بھی فیصلہ ہوگا اس فیصلے کے مطابق سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کرینگے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کے مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے تاحال مہنگائی پر قابو نہیں پایاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کے ساتھ جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا اور اگر مزید سلیکٹڈ حکومت کو موقع دیاگیا تو مزید ملک بحرانوں کا شکار ہوگا۔