کوئٹہ: ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ناظر حسین لطیف، منظور حنان و دیگر نے کہا ہے کہ ہزاروہ قوم کو محب وطن ہونے کی سزا دی جارہی ہے ایک سوچے سمجھنے منصوبے کے تحت ہمیں ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔
لیکن ہم دہشتگردوں کو واضح کر نا چاہتے ہیں کہ ہم نہ پہلے مرعوب ہوئے نہ آئندہ ہونگے اور نہ ہی بلوچستان سے ہمیں کوئی بے دخل کرسکتا ہے ،وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف سمیت دیگر متعلقہ حکام ہزارہ برداری پر حملوں میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے ہاہر مچھ واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ مچھ واقعہ میں انسانیت کی تمام حدوں کو پار کیا گیا سفاک دہشتگرد انسانی شکل میں بھیڑیے ہیں اور انکی سرکوبی پاکستان کے تمام اداروں پر فرض ہے انہوں نے کہا کہ 2018میں چیف آف آرمی اسٹاف نے ہزارہ برداری کے عمائدین سے ملاقات کرکے یقین دہانی کروائی تھی کہ آئندہ ہزارہ برداری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔
وفاقی وزراء نے بھی اسی بات کی یقین دہانی کروائی لیکن یہ سلسلہ تاحال بند نہیں ہوسکا اور آج بھی ہزارہ برداری کو ہدف بنایاجارہا ہے انہوں نے کہا کہ جب تک یہ سلسلہ بند نہیں ہوتا ہم ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان ،وفاقی حکومت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے اوپر کئے گئے مظالم کے پچھے کارفرما محرکات کو سامنے لاتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ہزارہ قوم کی توانائی کو ملک کی بہتری اور ترقی کے لئے بروئے کار لایا جائے ۔