|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2021

کوئٹہ: کوئٹہ میں شدیدسردی میں بھی برف جم جانے کی وجہ سے پانی کے پائپ لائن پھٹ گئے گزشتہ دوہفتوں سے پی اینڈٹی کالونی میں پانی کے نلکوں سے سیوریج کا گندہ اوربدبودارپانی آرہا ہے، صاف پانی کے پائپ لائنوں سے گندے پانی کی آمیزش کے باعث وبائی امراض پھیلنے کاخدشہ ہے، عوامی حلقوں نے حکام بالاسے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خون جمادینے والی سردی کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کے پائپ پائن پھٹ گئے ،گزشتہ دوہفتوں سے زائد کے عرصے سے جی پی اوچوک کے قریب پی اینڈٹی کالونی وملحقہ علاقوں میں پانی کے نلکوں سے گندے پانی کی آمیزش کاسلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔ اہلیان علاقہ کاکہناتھا کہ پینے کے پانی کے پائپ لائنوں سے سیاہ اور زرد رنگ کا مٹی ملا آلودہ بدبودار پانی آرہا ہے ۔

جو قابل استعمال نہیںہے،گندے پانی استعمال کرنے کی وجہ سے معدہ اور پیٹ کے وبائی امراض پھیلنے کاخدشہ ہے، اس ضمن میں متعلقہ حکام کو بارہا آگاہ کیامگرکوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے لوگ پینے کے صاف پانی کے حصول کیلئے سرگرداںہیں اہل علاقہ کے مطابق مکانات کی تعمیر ومرمت ودیگر امورکی مد میں ماہانہ ان کی تنخواہوں سے خطیررقم کٹوتی بھی کی جاتی ہے۔

مگرپھربھی کالونی میں پینے کاصاف پانی دستیاب نہیں ہے جوکہ تشویشناک ہے اور گندے پانی کی وجہ سے پانی کی ٹینکیاں اور برتن بھی گندے ہورہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پی اینڈٹی کالونی میں پانی کے پائپ لائنوں کی مرمت کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔