|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2021

کوئٹہ: مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ انجمن کے سینئر ساتھیوں کی 4 مہینے کی کوششوں کے نتیجے میں باقاعدہ طور پر ایگزیکٹیو باڈی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ایگزیکٹو باڈی چیئرمین حاجی سعداللہ خان اچکزئی ڈپٹی چیئرمین حاجی محمد ہاشم کاکڑ کے علاوہ 15 دیگر ممبران پر مشتمل ہیں ، ایگزیکٹیو کمیٹی کے قیام کا مقصد انجمن کو مزید فعال و مستحکم کرکے تاجروں کے مسائل حل کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے سینئر نائب صدر حضرت علی اچکزئی ، جنرل سیکرٹری قیوم آغا ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر یاسین مینگل ، ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین حاجی سعداللہ خان اچکزئی ، حاجی ہاشم کاکڑ ، اللہ داد اچکزئی سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ 20 سال سے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی آرہی ہے۔

کچھ عرصے سے غیر فعال تھی جسے دوبارہ فعال کرنے کے لئے ساتھیوں نے 4 مہینے تک انتھک جدوجہد کرکے ایگزیکٹیو باڈی کا قیام عمل میں لایا جس سے تنظیم ایک مرتبہ پھر مزید فعال ہوگی بلکہ اس کے ذریعے صوبے کے تاجروں کے مسائل کو بہتر انداز میں اٹھایا جائے گا۔ ایگزیکٹیو باڈی مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی تنظیم کو مستقبل میں فعال اور مستحکم رکھنے کے مقصد کے لئے نیک نیتی اور تنظیم کی بھلائی کے لئے بنائی گئی ہے۔

جو کہ واحد بااختیار باڈی ہے جس کے پاس اختیارات ہوں گے جو انجمن کے آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کو بلاکر اسے جواب طلبی کے بعد فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹیو باڈی کے چیئرمین حاجی سعداللہ خان اچکزئی اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری قیوم آغا نے ایگزیکٹیو باڈی کے ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پہلے مرحلے میں مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کا کوئٹہ شہر میں ایک مستقل مرکزی سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا ۔

جس میں انجمن اور ایگزیکٹیو باڈی کے ممبران موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران کی خالی عہدوں پر جلد ہی مشاورت سے تاجروں کی خدمت سے سرشاری نمائندوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس موقع عبدالرحیم کاکڑ نے نومنتخب ایگزیکٹیو باڈی ممبران کو انجمن کے کاڈرز بھی دئیے۔