اسلام آباد/کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکمران نام ریاست مدینہ کا لیتے ہیں لیکن عوام کو بھوکا مرنے پر مجبور کرتے ہیں،الیکشن کمیشن بتائے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کو کیوں دبا رکھا ہے، نیب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف، فضل الرحمن، آصف زرداری، شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟ عوام کی پی ڈی ایم کے احتجاج میں بھرپور شرکت جعلی حکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے۔
آج کے حکمران چینی، آٹا، سیمنٹ چور ہیں، ہم نااہلوں کا تختہ الٹنے کے لیے عوام کے پاس آئے ہیں۔ہمارے کردار میں کبھی جھول نہیں آیا، ہم نہ جھکے اور نہ ہی بکے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عوام کی پی ڈی ایم کے احتجاج میں بھرپور شرکت جعلی حکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ریاست مدینہ کا نام لے کر عوام کو بھوکے مرنے پر مجبور کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے حکمران چینی، آٹا، سیمنٹ چور ہیں، ہم نااہلوں کا تختہ الٹنے کے لیے عوام کے پاس آئے ہیں۔
ہمارے کردار میں کبھی جھول نہیں آیا، ہم نہ جھکے اور نہ ہی بکے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم انصاف کا بول بالا چاہتے ہیں، موجودہ حکمرانوں سے انصاف نہیں ہوگا یہ جعلی ہیں۔عبدالغفور حیدری نے سوال اٹھایا ہے کہ الیکشن کمیشن کاانصاف پرمبنی فیصلہ کیوں نہیں آرہا۔ آج انسانوں کا سمندر الیکشن کمیشن کے باہر جمع ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن بتائے کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کو کیوں دبا رکھا ہے۔
نیب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف، فضل الرحمن، آصف زرداری، شہباز شریف کا کیا قصور ہے؟مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن، آصف علی زرداری اور میاں شہباز شریف نے آئینہ دکھایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی آپ کا مقابلہ کیا اور آگے بھی کریں گے، تم مولانا فضل الرحمن کو کیوں خوفزدہ کرتے ہو؟
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتائیں گے کہ 2018 میں جو دھاندلی کی اس کا داغ دھونا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہم نے احتجاج کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے، شیخ رشید باتیں تو بہت کرتے ہیں مگر سامنے نہیں آتے۔