|

وقتِ اشاعت :   January 25 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان کے سیاسی رہنمائوں نے بانک کریمہ بلوچ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں رکاوٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچ عوام مذہبی و بلوچی رسومات ادا کرنے کا حق رکھتی ہے،افسوس کہ آج پھر نواب بگٹی کی میت کے ساتھ ہونے والا معاملہ دہرایا جا رہا ہے یہ عمل بلوچوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ حکمران ماضی سے کچھ تو سبق حاصل کریں۔

ان خیالات کااظہار سابق وزیراعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی اور نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹرمیر کبیر احمد محمد شہی نے اپنے بیان میں کیا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاکہ مرحومہ شہید بانک کریمہ بلوچ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں ریاستی رکاوٹ پیدا کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہیں ہم مذہبی و بلوچی رسومات ادا کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

مسائل پیدا کرنے کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اسے ہم ریاستی دہشت گردی کہیں گے،نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹرمیر کبیر احمد محمد شہی نے کہاکہ جنازوں کو روکنے، تابوتوں پر تالے لگانے یا قبروں پر پہرے بٹھانے سے لوگوں کی سوچ کو قید نہیں کیا جاسکتا۔ افسوس کہ آج پھر نواب بگٹی کی میت کے ساتھ ہونے والا معاملہ دہرایا جا رہا ہے۔ یہ عمل بلوچوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ حکمران ماضی سے کچھ تو سبق حاصل کریں۔