گزشتہ برس جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ بچوں کی تربیت کرنا خواتین کا کام ہے اور وہ اپنی بیٹیوں کو ’عورت مارچ‘ کرنے کا درس دینے کے بجائے بیٹوں کی بہتر تربیت کریں۔
’دی کرنٹ‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے سارہ خان نے کہا کہ مرد و خواتین یکساں ہیں اور ان کا پہلے ہی رتبہ یا مرتبہ متعین کردیا گیا ہے، ان کے مرتبے یا رتبے کو اوپر نیچے کرنا درست نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سارہ خان نے کہا کہ عورت ہی بچوں کی بہتر پرورش کی ذمہ دار ہوتی ہے، اس لیے خواتین کو بیٹیوں کو یہ درس نہیں دینا چاہیے کہ وہ ’عورت مارچ‘ کریں بلکہ وہ بیٹوں کو درس دیں کہ وہ خواتین کی عزت کریں۔
اداکارہ نے مرد میزبان کو مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی اہلیہ اچھی نہیں ہوں گی تو وہ کیسے خوش رہیں گے؟
سارہ خان نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ 2018 کے ڈرامے ’میرے بے وفا‘ میں کمزور خاتون کا کردار ادا کرنا ان کی غلطی تھی۔
سارہ خان کے مطابق انہیں ’میرے بے وفا‘ میں کمزور اہلیہ کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے تھا۔