|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2021

لاہور کےگلشن اقبال پارک سے علامہ محمد اقبال کا متنازع مجسمہ ہٹاکر ذمہ دار 2 افسران کو معطل کردیا گیا۔ 

ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی ( پی ایچ اے) پنجاب جواد قریشی کے مطابق متنازع مجسمے کے ذمہ دار دونوں افسروں کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق معطل افسروں میں ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ نواز وٹو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام سبطین شامل ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ  علامہ اقبال کا مجسمہ اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر مالیوں نے خود بنایا تھا، مالیوں نے علامہ اقبال کی عقیدت اور محبت میں مجسمہ تیار کیا تھا جب کہ معطل افسروں نے مجسمہ پارک میں رکھنے کی حکام سے منظوری نہیں لی تھی۔

ڈی جی پی ایچ اےکا کہنا ہےکہ اب جلد ہی ماہرین سے علامہ اقبال کا نیا مجسمہ تیار کروایا جائےگا اور نئےمجسمے کا افتتاح مالیوں سے کرایا جائےگا، مجسمہ بنانے والے کسی مالی کو معطل کیا ہے اور نہ کریں گے۔

خیال رہے کہ لاہور کے گلشن اقبال پارک میں شاعر مشرق و مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کا بے تکا مجسمہ بنانے پر سوشل میڈیا صارفین نے خوب تنقید کی تھی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے ایسا مجسمہ بنانے اور نصب کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔