کوئٹہ: جمعیت علمااسلام پاکستان کے مرکزی رہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی ڈی ایم سنیٹرحافظ حمداللہ نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج پر آنسوگیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ نااہل جابر حکومت کی جانب سے سراپااحتجاج ملازمین پر شیلنگ اور تشدد قابض حکمرانوں کی غیر جمہوری اور آمرانہ زہنیت کی روشن مثال ہے۔
وقت آنے پر حکمرانوں کو اپنی ستم کا جواب دینا ہوگا لال حویلی سے ملازمین پر شیلنگ کے احکامت دینے والے لوٹے کا مستقبل اڈیالہ جیل ہوگا حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی بیروزگاری اور ڈنڈے کے علاوہ کچھ نہیں دیا ریاست میں اپنے جائز مطالبات کے حق کیلئے آواز بلند کرنا جرم بن چکاہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف ٹی وی چینلز کوانٹرویو دیتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ شیخ چلی طرز حکومت خوابوں کے سہارے کھڑی ہے گراونڈ پر کارکردگی کچھ نہیں خوشنما نعروں دعوں اور تقریروں سے حکومتیں نہیں چلتی لاٹھی ڈنڈے اور ہتکھڑے کی راج قبول نہیں ملازمین کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہے مطالبات کے حصول کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔