|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے اسلام آباد میں اپنے حق کے لئے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر تشدد اور گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج پر حکومتی تشدد قابل مذمت اور افسوس ہے۔

پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ملازمین کی تنخواہوں میں 100فیصد اضافہ کیا لاٹھی چارج و گرفتاریوں کی بجائے سرکاری ملازمین کیساتھ شفقت کا برتاؤ کیا جائے، گرفتار ملازمین کو جلد رہا، مطالبات پورے کئے جائیں۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ سرکاری ملازمین کا جائز حق ہے حکومت نے جس قدر مہنگائی کی شرح بڑھائی ہے۔

ملازمین کی تنخواہیں اسی شرح سے کم کی گئی ہیں دو سالوں سے حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں نہ ہونے کے برابر اضافہ ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ملازمین کے ساتھ مذاکرات میں انکی تمام شرائط تسلیم کرلیں اور بعد میں حسب روایت یوٹرن لیتے ہوئے ملازمین کے مطالبات کو اپنی مرضی و منشاء کے مطابق منظور کرنے کی بات کردی ہے جو کہ ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین سمیت ہر طبقے کا جینا دوبھر کردیا ہے آج نااہل حکومت کے خلاف ہرطبقہ سراپا احتجاج ہے سرکاری ملازمین کے پرامن احتجاج پر حکومتی تشدد قابل مذمت اور افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے مطالبات سن کر معاملہ باہمی افہام و تفہیم کیساتھ حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین معاشرہ کا پسا ہوا طبقہ ہے۔

جنہوں نے ہر حال میں حکومتی امور چلانے میں کردار اداکیا ہے ملازمین کا اپنے مطالبات کیلئے پرامن احتجاج جائز ہے لاٹھی چارج و گرفتاریوں کی بجائے سرکاری ملازمین کیساتھ شفقت کا برتاؤ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار سرکاری ملازمین کو جلد رہا کیا جائے اور ان کے مطالبات پورے کئے جائے۔