|

وقتِ اشاعت :   February 14 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی و نامزد سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اتحادیوں کے ساتھ ملکر تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔

بی اے پی میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہے بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی ثابت کریں گے کہ سینیٹ انتخابات میں تمام اراکین یکجہتی کا مظاہرہ کریں گیان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے کاغذات نامزدگی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید ہاشمی نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی اجازت نہیں دیں گے۔

اپوزیشن جماعتیں واویلا کرکے اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی کوشش کررہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سیٹیں لینے میں کامیاب ہو۔ انہوں نے کہاکہ سیٹوں کا دارو مدار اتحاد پر ہے اتحاد مضبوط ہونے سے ہی زیادہ سیٹ مل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کو تحفظات ہیں تو ان تحفظات کا جلد دور کردیا جائے گا بلوچستان عوامی پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہے بعض عناصر صوبائی حکومت کی کارکردگی سے خائف ہو کر بے بنیاد پروپیگنڈے کررہے ہیں کوشش کریں گے کہ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد بلوچستان کے لئے کچھ بہتر کرسکیں اپوزیشن کی تمام عزائم ناکام ہو چکی ہے۔