|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2021

کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی صدر و رکن صوبائی اسمبلی نوا بزادہ گہرام بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی بہتری اورصوبے کے حقوق کیلئے سب سے رابطے کریں گے ماضی میں بلوچستان میں ایسے لوگ بھی آئے ہیں۔

جن کے پاس بلوچستان اسمبلی میں ایک نشست بھی نہیں تھی ہمارے پاس کم از کم ایک نشست تو ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو سینیٹ انتخابات میں جنرل نشست پر پارٹی امیدار جواد ہزارہ اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ابراہیم لہڑی ایڈووکیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جن دوستوں نے کاغذات جمع کرائے ہیں انہیں مبارکباد دیتاہوں اور یقین ہے کہ جے ڈبلیو پی سینیٹ الیکشن میں ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں سے رابطے ہوئے ہیں تاہم پارٹی کی سطح پر رابطوں کیلئے آج کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بہتری اورصوبے کے حقوق کیلئے سب سے رابطے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں ایسے لوگ بھی آئے ہیں جن کے پاس بلوچستان اسمبلی میں ایک نشست بھی نہیں تھی ہمارے پاس کم از کم ایک نشست تو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب نواب اکبر خان بگٹی حیات تھے اس وقت ہم نے دو ووٹ پی کے میپ سے لیے تھے جس کے بدلے ہم نے انہیں تین ووٹ دیئے تھے یہ جمہوریت ہے اور اس کا تسلسل جاری رہے گا۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سیسابق صوبائی وزیر داخلہ کو سینٹ انتخابات کیلئے ٹکٹ جاری کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے انہیں مسترد کیا ہے اور دوبارہ انہیں عوام کی نمائندگی کیلئے واپس بھیجنادرست نہیں۔