کو ئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما و پی ڈی ایم کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سابق سینیٹرحافظ حمداللہ نے کہاہے کہ ملک پر مسلط بے اختیار حکومت کی حیثیت شو پیس سے زیادہ نہیں ،انکی اقتدار کی ڈور جہاں سے ہلائی جارہی ہیں قوم اس سے بخوبی واقف ہے، آمریت کی گود میں پھلے بڑے لوٹے جمہوریت کی تشریح نہ کریں چند لوٹوں کی بیان بازی سے اپوزیشن جماعتوں کی تحریک پر اثر نہیں پڑے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ بیت العتیق کراچی میں منعقدہ سالانہ دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کانفرنس سے جمعیت علمااسلام کے صوبائی رہنما مولانا قاری محمد عثمان اور دیگر علماکرام نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ عوام کی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے والے رعایت کے مستحق نہیں چور دروزاے سے اقتدار پر قابض حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کرکے دم لیں گے لوٹوں اور چمچوں کے اشتراک سے بننے والا نیا پاکستان قوم کو قبول نہیں ملک میں آج احتساب کا نعرہ وہ لوگ لگارہے ہیں جنہوں نے ماضی کی حکومتوں میں اقتدار کے مزے لوٹ کر ملک کو لوٹا ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں اشیا خردونوش کا بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹا جارہاہے حکومت کے پاس غربت ختم کرنے کی کوئی پالیسی نہیں۔