|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2021

کوئٹہ: الیکشن ٹربیونل نے بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشست پر امیدوار میر نوید کلمتی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی جبکہ تین امیدواروں کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم سنادیا، پیر کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی ٹیکنو کریٹ نشست پر امیدوار میر نوید کلمتی۔

جمہوری وطن پارٹی کے ابراہیم لہڑی، پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے آصف بلوچ کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے انکے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی ، سماعت کے دوران عدالت نے تینوں امیدواروں کے دلائل سنے جس کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

بعدازاں عدالت نے پیر کو سنی جانے والی تینوں درخواستوں اور گزشتہ روز(اتوار کو) بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر نواز خان ناصر کی سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ شدھ فیصلے سناتے ہوئے میر نوید کلمتی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انکے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دے دیا اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

جبکہ جمہوری وطن پارٹی کے ابراہیم لہڑی، پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے آصف بلوچ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر نواز خان ناصر کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو برقر ارکھنے کا حکم سنا دیا ۔

واضح رہے کہ درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد 24فرور ی کو الیکشن کمیشن امیدواروں کی نظر ثانی شدھ فہر ست آویزاں کریگا جبکہ 25فروری کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہے ۔ ٹربیونل کی سماعت مکمل ہونے پر بلوچستان میں سینیٹ کی جنرل نشستوں پر 18، ٹیکنو کریٹ نشستوں پر 4،خواتین نشستوں پر 9جبکہ اقلیتی نشست پر 5امیدوار باقی ہیں ۔