|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما و پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکمران ملا مدرسہ اور طالب کے حوالے سے منافقانہ رویہ اپنائے ہوئے ہیں کل دہشت گرد اور انتہا پسند سمجھنے والے طلبا آج سیاسی جدوجہد کے میدان میں معصوم کیسے ٹہرے عصری اداروں میں پڑھنے والے طلبا کی طرح دینی مدارس کے طلبا کو بھی سیاسی میدان میں جدوجہد کا حق حاصل ہے۔

انکے اس آئینی حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مدرسہ کنزالعلوم یارو پشین میں منعقدہ سالانہ جلسہ دستار فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے جمعیت علمااسلام کے رہنما مولانا نظرمحمد حقانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا حافظ حمد اللہ نے کہاکہ دنیاکی نظروں میں مولوی اور طالب کو دہشت گرد پیش کرنے والے آج مدارس کے ہمدرد بن کر انکے سینے میں چھرا گونپنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفاق المدارس کے مقابلے میں دوسرے وفاق کی منظوری مدارس کو دست و گریبان کرنے کی سازش ہے مدارس کے منتظمین اور علماکرام انکی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں انہوں نے کہاکہ دینی مدارس اور اس میں پڑھنے پڑھانے والے ملک و قوم کے محسن ہیں ملک کے نظریاتی سرحدات کا تحفظ انہیں مدارس کے بدولت قائم و دائم ہے۔